بھٹکل:13؍ ستمبر(ایس اؤ نیوز) اترکنڑا ضلع ایس پی ڈاکٹر سمن پنیکر اور بھٹکل ڈی وائی ایس پی بیلی ایپا کی رہنمائی میں مقامی پولس نے بھٹکل تعلقہ کے 10سے زائد مقامات پر چھاپہ ماری کرتےہوئے مختلف مقدمات میں مطلوب ملزموں کی تلاش کرتےہوئے دو ملزموں کو گرفتار کرلیا ہے۔ چھاپہ ماری کی کاروائی منگل کو کی گئی۔
صبح سویرے سی پی آئی دیواکر، بھٹکل دیہی پولس تھانہ سی پی آئی مہابلیشور نائک ، ہوناور سی پی آئی شری دھر کی قیادت میں 50سے زائد پولس اہلکاروں نے موگلی ہونڈا،گلمی،جالی، اولڈ بس اسٹائنڈ سمیت 10سے زائد مقامات پر چھاپہ مارتے ہوئے مفرور ملزموں کی تلاشی لی ۔ اس موقع پر پتہ چلا ہے کہ صرف دوملزم ہاتھ لگے جن کی شناخت گلمی کے عمران اور اولڈ بس اسٹائنڈ کےعلاقے سنٹرل لاڈج کے پیچھے رہنے والےاکرم کےطورپر کی گئی ہے۔ملزموں کے تعلق سے بتایاگیا ہےکہ وہ غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔ مطلوب ملزموں کے تعلق سے بتایاگیا ہے کہ وہ اُڈپی میں عصمت دری، ساگر میں چوری ، بھٹکل دیہی پولس تھانہ حدود میں جانوروں کی چوری، گانجہ کی فروخت وغیرہ میں ملوث ہیں اور ان کےخلاف کورٹ وارنٹ ہونےکے باوجود وہ عدالت میں حاضر نہ رہتےہوئےمفرور تھے۔ پولس نے چھاپہ مارتے ہوئے ان دونوں کو گرفتار کیا ہے۔